آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نیول اور ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا الوداعی دورہ

اپنے الوداعی دوروں کے ایک حصے کے طور پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلام آباد میں نیول اور ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف جنرل باجوہ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف افسران سے ملاقات کی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کے دوران سی او اے ایس نے ملک کی سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔

دریں اثنا، ایئر ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر، سی او اے ایس نے پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے ایک دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر کے بعد پرنسپل اسٹاف افسران سے بات چیت کی۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل باجوہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کی بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے راولپنڈی کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سی او اے ایس نے افسران اور دستوں سے خطاب کرتے ہوئے سیاچن اور لائن آف کنٹرول سمیت ملکی سرحدوں کا دفاع کرنے پر راولپنڈی کور کو سراہا۔ جنرل باجوہ نے فوجیوں سے بھی بات چیت کی۔

قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے استقبال کیا۔

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید 29 نومبر 2022 کو ریٹائر ہو رہے ہیں اس لیے وہ اپنی الوداعی تقریب کے ایک حصے کے طور پر پاک فوج اور فضائیہ کے مختلف کور اور ہیڈ کوارٹرز کے دورے کر رہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں