صدر مملکت عارف علوی سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات، اقتصادی امور پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بدھ کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل، استعفوں اور عام انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک میں درآمدی بل میں کمی کے لیے پنجاب اور پختونخوا حکومتوں کے ساتھ تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد کے لیے اپوزیشن سے تعاون بھی طلب کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات میں سیاسی استحکام لانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ صدر پاکستان نے پارٹی قیادت سے بات کرنے کا وعدہ کیا۔
گفتگو میں ملک بھر میں شام چھ بجے مارکیٹ بند کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
18 نومبر 2022 کو صدر کے ساتھ ہونے والی ایک الگ ملاقات میں، اسحاق ڈار نے صدر کو پاکستان کے عوام، خاص طور پر ملک کے پسماندہ علاقوں کی غیر مراعات یافتہ آبادی اور سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔