چالیس مگر مچھوں نے آدمی کو ہلاک کردیا
تقریباً 40 مگرمچھوں نے جمعے کے روز ایک کمبوڈیائی شخص کو اس وقت ہلاک کر دیا جب وہ اپنے خاندان کے مگر مچھ فارم میں ان کے گھیرے میں آ گرا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 72 سالہ شخص ایک مگرمچھ کو پنجرے سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ مادہ مگر مچھ تھی جس نے انڈے دیے تھے، اسے چھڑی سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ اس نے چھڑی منہ میں دبا لی اور 72 سالہ شخص کو جنگلے کے اندر کھینچ لیا۔ جیسے ہی یہ شخص گرا تو مگر مچھوں نے اسے گھیر لیا اور نوچ نوچ کر اس کے جسم کے ٹکڑے کردیے۔ اس شخص کی لاش پر جگہ جگہ کاٹنے کےنشانات تھے، اس کا ایک بازو مگر مچھ نگل گئے تھے۔
پولیس چیف نے بتایا کہ 2019 میں ایک دو سالہ بچی کو مگرمچھوں نے اس وقت مار کر کھا لیا تھا جب وہ اسی گاؤں میں اپنے خاندان کے مگر مچھوں کے فارم میں گھوم رہی تھی۔ انگکور واٹ کے مشہور کھنڈرات کے گیٹ وے شہر سیم ریپ کے آس پاس مگرمچھ کے متعدد فارم ہیں۔