آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف سے سعودی عرب کے دورے کے دوران ملاقات کی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دفاعی اور عسکری شعبوں میں پاک سعودی تعلقات کا جائزہ لیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور خطے میں جاری سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے رائل سعودی لینڈ فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللہ محمد المطیر سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سی او ایس کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے سرکاری غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق آرمی چیف 4 جنوری سے 10 جنوری 2023 تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔

اپنے دورے کے دوران، سی او اے ایس دونوں برادر ممالک کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملٹری ٹو ملٹری تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیکیورٹی سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

قبل ازیں سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کا کہنا تھا کہ سی او ایس عاصم منیر نے ریاض میں وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے آغاز پر سعودی وزیر نے جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔

“ملاقات کے دوران، انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پائیداری پر زور دیا، اور مشترکہ دلچسپی کے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ فوجی اور دفاعی تعاون اور ان کی حمایت اور بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا”۔

بعد ازاں سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے بھی پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے آرمی چیف کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی۔

انہوں نے ٹویٹ کیا، “ہم نے اپنے برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا، دو طرفہ فوجی اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا، اور اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔”

یاد رہے کہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ سی او اے ایس کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

Author

اپنا تبصرہ بھیجیں