وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ کے پی کے اسمبلی آج تحلیل کردی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی آج تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ کے 86ویں اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ محمود نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری آج بھجوا دیں گے۔ یہ پیشرفت وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کرنے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری آج شام گورنر کے پی کے کو ارسال کریں گے۔
محمود خان نے کہا کہ یہ کابینہ کی آخری میٹنگ تھی اور وہ تمام ایم پی ایز کے پورے دور میں تعاون کرنے اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے والے تمام افسران اور وزراء کے مشکور ہیں۔
محمود نے کہا کہ ان کی جماعت عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔
انہوں نے ملک میں عدم استحکام کے لئے پی ڈی ایم حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ “کرپٹ گروپ” سے چھٹکارا حاصل کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اسمبلی تحلیل ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کے پی اسمبلی کی تحلیل سے عام انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی آئینی طور پر تحلیل ہو گئی تھی کیونکہ پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے سمری پر دستخط کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس عمل کا حصہ نہیں بن سکتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے تحلیل کی سمری بھجوا دی اور آئین کے مطابق گورنر کے فیصلے سے قطع نظر اسمبلی 48 گھنٹے میں تحلیل ہو جاتی ہے۔