مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اپنا استعفیٰ پارٹی صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے ان سرکردہ رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے پاناما پیپرز اسکینڈل میں نواز شریف کو عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اب آج شاہد خاقان نے ایک حیران کن اقدام میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ پارٹی کے صدر کو بھجوا دیا۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی پارٹی قیادت کی جانب سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو پارٹی مسلم لیگ ن کا سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بنانے کے فیصلے سے خوش نہیں تھے۔

مسلم لیگ ن کے معتبر ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ “شاہد خاقان کے پارٹی کی پالیسیوں سے بھی کافی عرصے سے شدید اختلافات تھے”۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ساتھ مسلم لیگ ن کے رویے پر مایوس ہیں۔

پی ڈی ایم کی جانب سے عمران خان کی حکومت کو عدم اعتماد کے ووٹ سے ہٹائے جانے کے بعد شاہد خاقان عباسی کو شہباز شریف کابینہ میں وزارت یا دوسرے عہدے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے کوئی بھی وزارت قبول کرنے سے انکار کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے دفتر سے استعفیٰ حاصل کر لیا ہے تاہم ابھی تک اسے قبول نہیں کیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

Author

اپنا تبصرہ بھیجیں