انسانیت سوز واقعہ: سکھر میں پولیس اہلکار نے بھکاری خاتون کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
سندھ کے شہر سکھر میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا۔ سکھر میں شالیمار پھاٹک کے قریب مینارہ روڈ پر سندھ پولیس کے ایک اہلکار نے ہفتے کے روز ایک بزرگ بھکاری خاتون کو سرعام زدوکوب کیا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار اعلیٰ سطحی پروٹوکول ڈیوٹی پر تھا۔
پولیس ہیلپ لائن 15 کے انچارج نے سڑک کے کنارے بیٹھی بھکاری خاتون کو تھپڑ مار دیا۔ اس کے بعد پولیس افسر نے اس کا برقع بھی پھاڑ دیا اور اسی کے ساتھ مارپیٹ کی۔
ایک پولیس افسر کو بھی اس کے ساتھ بدسلوکی اور غیر اخلاقی زبان استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حکام نے پولیس اہلکار علی محمد مہر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معطلی کا حکم جاری کردیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ بھکاریوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
ایس ایس پی سکھر کا کہنا تھا کہ ’شہریوں کو بغیر کسی وجہ کے تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،‘ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی روہڑی کو تعینات کیا گیا ہے۔