پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہر سال بڑھتی نظر آرہی ہے،ڈونلڈ بلوم 

سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی نمبر ون ایکسپورٹ مارکیٹ ہے اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہر سال بڑھ رہی ہے۔

امریکی حکومت کے ایک اہلکار ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ‘یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو’ سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی سٹارٹ اپس کی کامیابیوں پر بات کی جنہیں امریکی حکومت نے سپانسر کیا ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک امریکا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے اور اس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ بھی شامل ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ مزید سرمایہ کاری کی گنجائش ابھی باقی ہے اور اس کوشش میں کاروباری افراد مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے لیکن اسے ترقی کی مزید منزلوں تک لے جانے کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔

 دو روزہ ایکسپو میں کامیاب سٹارٹ اپس کو کاروباری آئیڈیاز اور پروٹو ٹائپس کی نمائش کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ، امریکہ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے وینچر کیپیٹلسٹ اور سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کیا۔’ایشیا فاؤنڈیشن پاکستان‘ کے سینیئر مشیر حارث قیوم نے پاکستانی سٹارٹ اپس کی کامیابی کو اجاگر کرنے کے لیے امریکی سفارت خانے اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے ساتھ جاری تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ پاکستان کے متحرک ٹیک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، یہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارت، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور تکنیکی جدت کی نمائش ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹیک ایکو سسٹم کو سپورٹ کرنے کے لیے ’ایشیا فاؤنڈیشن‘ مشترکہ کوششوں کے لیے پرعزم ہے، ایشیا فاؤنڈیشن کو ایسے اقدامات پر شراکت داری کا اعزاز حاصل ہے جو کاروبار اور جدت کو اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کی پائیدار اور جامع ترقی میں تعاون کرنا ہمارا مقصد ہے۔

 ایکسپو میں وینچر کیپیٹلسٹ اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک سپیکر سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ایک امریکی ماہر نے کی، پاکستان، مشرق وسطیٰ اور امریکہ کے کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں دستیاب مواقع اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پرویز عباسی نے کہا کہ وہ ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ کے نتیجہ خیز نتائج دیکھ کر بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی طاقت اور اُن لامتناہی امکانات کا مظہر ہے جو اُس وقت پیدا ہوتے ہیں جب ہم اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو یکجا کرتے ہیں۔ایکسپو میں موجود مندوبین نے اس تقریب کے لیے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے امریکہ اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے مزید مواقع اور ممکنہ تجارتی شراکت داری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

Author

اپنا تبصرہ بھیجیں