حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی تاریخ طےہوگئی

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ تمام حکومتی رہنما تحریک انصاف کے اسد قیصر سے رابطے میں ہیں اور انہیں 26 تاریخ کو ملاقات کرنے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے پیغام پر اسد قیصر نے جواب دیا کہ ہم اس معاملے پر اکٹھے ہیں اور 26 تاریخ کو ملتے ہیں۔ 

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ 26 اپریل ہی کو اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوگا اور اسی شام تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات ہوگی۔

وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کرتیں لیکن جن سے مذاکرات کرنے ہیں ان شخصیات پر کچھ جماعتوں کو اعتراض ہے۔ 

جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے سپریم کورٹ کی جانب سے مذاکرات کی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ عدلیہ کو یہ بھی بتا دیا ہے کہ اس طرح کی تجاویز دینا عدلیہ کا کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ملک کو درپیش مشکلات کے حل پر اتفاق کیا ہے ، امید ہے کہ عید کے بعد سیاسی معاملات میں اہم پیش رفت ہو گی ۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں ملک میں ایک ساتھ انتخابات کرانے سے متعلق درخواست پر 27 اپریل کو سماعت ہوگی اور 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

Author

اپنا تبصرہ بھیجیں