دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو صحیح ڈگر پر لے کر جائے، نواز شریف
سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو صحیح ڈگر پر لے کر جائے۔
لندن میں دفتر سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ اسی ڈگر پر واپس جائیں جس پر پاکستان 2017 میں تھا، 2017 کا پاکستان بہت اچھا تھ۔
کچھ روز قبل لاہور میں منعقد تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ پاکستان معاشی طاقت بنے لیکن میری ٹانگیں کھینچی گئیں، مجھے 3 بار کسی نہ کسی بہانے سے ہٹایا گیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ہنستے بستے ملک کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، 2017 میں ڈالر 104 روپے کا تھا اور آج ڈالر 300 روپے کا ہے، میرے دور میں آٹا 33 روپے فی کلو ملتا تھا اور آج 120 روپے کا ملتا ہے۔
’اس بات کا افسوس رہتا ہے کہ 3 بار کسی نہ کسی بہانے ہٹایا گیا۔ 3 بار کسی نہ کسی بہانے ملک کی ترقی کو روکا گیا۔ ایک طرف ہماری ترقی ہے جبکہ دوسری طرف وہ ہیں جنہوں نے تباہی کی۔ ہم ملک کو ترقی کی پٹری پر لے کر جا رہے تھے۔ پٹری سے اتارنے والے بھی اسی معاشرے میں موجود ہیں۔ ملک کو نفرتوں کی آگ میں جھونکنے والے بے نقاب ہوگئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں ملک سانحہ 9 مئی نہیں بلکہ ترقی کیلیے دیا ہے، 28 مئی 1998 اور 9 مئی 2023 ملک کیلیے علامتیں ہیں، 28 مئی 1998 کی علامت ملک کی ترقی اور روشن مستقبل کی ہے جبکہ 9 مئی 2023 کی علامت نفرت اور ملک کی تباہی کی ہے، عوام 28 مئی سے محبت اور 9 مئی سے نفرت کرتے رہیں گے۔