مذاکرات ہوئے تو صرف انتخابات پر ہوں گے، عمران خان
عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات کے حوالے سے صرف اسی صورت میں مذاکرات کریں گے جب حکومت اس پر راضی ہوگی۔ اگر حکومت انتخابات کے حوالے سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتی تو وہ اپنے موقف پر ڈٹے رہیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ججز کی تقسیم کے ذمہ دار نواز شریف ہیں، انہوں نے یہ کام 1997 میں بھی کیا تھا۔ پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور اس وقت جب معاملات عمران خان کے خلاف گئے تو ٹھیک تھا لیکن اب انہیں خدشہ ہے کہ معاملات ان کے خلاف جائیں گے اس لیے وہ اسے تنازعہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرینڈ ڈائیلاگ کی بڑی بڑی باتیں چھوڑیں، پہلے الیکشن پر آئیں، اگر آپ الیکشن نہیں کروا سکتے تو کون سے مذاکرات۔ بات انتخابات کی طرف نہیں جاتی تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، اس وقت ملک کا سب سے بڑا معاملہ 90 روز میں الیکشن ہے، یہ تو آئین کی توہین اور بے حرمتی ہو رہی ہے۔ مذاکرات ہوئے تو صرف الیکشن پر ہوں گے جو ہماری ٹیم کرے گی۔