ایجنسیوں نے جن لوگوں کو کرپٹ کہا جنرل باجوہ نے انہیں اوپر لاکر بٹھا دیا، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ایجنسیوں نے جن لوگوں کو کرپٹ کہا جنرل باجوہ نے انہیں اوپر لاکر بٹھا دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھا کہ آئین میں واضح لکھا ہے 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، ہم نے آئین کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی اسمبلیاں تحلیل کیں، تحلیل سے پہلے آئینی ماہرین سے رائے لی تھی، اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن ہونا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پندرہ ججز سے پوچھتا ہوں ہمیں الیکشن کیوں نہیں مل رہا، کس قانون کے تحت نگران حکومت بیٹھی ہوئی ہے، ان کا ایک ہی مقصد ہے کسی طرح عمران خان کو اقتدار میں نہیں آنے دینا، یہ صرف مجھے باہر رکھنے کیلئے اداروں کو تباہ کر رہے ہیں، زمان پارک کے بعد پرویز الہیٰ کے گھر کے گیٹ کو توڑا گیا، جو کچھ ہو رہا ہے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو حکومت نہیں مانے گی تو پھر سرمایہ کار کیسے اعتماد کرے گا؟، یہ دنیا کو کہہ رہے ہیں سکیورٹی کا برا حال ہے اس لیے الیکشن نہیں کرا رہے۔