عمران خان اور میاں ثاقب نثارکے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر
مسلم لیگ ن نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف الیکشن ایکٹ 2017 اور آئین کے آرٹیکل 218 تین کے تحت الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔
ریفرنس کے ہمراہ ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو لیک کا متن اور پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز کی فہرست سمیت دیگر دستاویزات اور ریکارڈ بھی پیش کیاگیا ہے۔ علاوہ ازیں ریفرنس میں عمران خان، ثاقب نثار، نجم ثاقب، ابوزر چوہدری، میاں عزیر، اعجاز احمد چوہدری، اسد عمر کو فریق بنایا گیا ہے۔
ن لیگ رہنما ملک احمد خان اور عطا تارڑ کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنس موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریفرنس میں کہا گیا کہ مالی اور اخلاقی دونوں قسم کی کھلی کرپشن کی بناء پر یہ شکایت دائر کر رہے ہیں، پنجاب اسمبلی کے پارٹی انتخابی ٹکٹوں کی خریدوفروخت جاری ہے، ایک سیاسی جماعت نے قانون، اخلاقیات اور جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں،ایک جماعت پارٹی ٹکٹوں میں کرپشن کر کے سیاست کے مقدس شعبے کو گندا کر رہی ہے، آئین ، قانون اور الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کارروائی کرے، 29 اپریل کو میڈیا میں سامنے آنے والی آڈیو سے مذکورہ افراد بے نقاب ہوئے ہیں۔