چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ کتنی اور کیا کیا مراعات ملتی ہیں
)صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان اور چیف جسٹس پاکستان کو ملنے والی تنخواہ اور مراعات کے حوالے سے تفصیل پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں پیش کردی گئی۔
پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین نور عالم خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا،چیف جسٹس پاکستان کو ملنے والی تنخواہ اور مراعات کی تفصیل پی اے سی میں پیش کردی گئی۔
آڈٹ حکام نے دوران بریفنگ بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 15 لاکھ 27 ہزار 399 روپے ہے،چیف جسٹس کو سرکاری گھر، ایک بلٹ پروف گاڑی ملتی ہے ۔
آڈٹ حکام نے بتایا کہ اس کے علاوہ 1800 سی سی سرکاری گاڑی الگ بھی ملتی ہے،چیف جسٹس کو600 لٹر پٹرول، لامحدود یوٹیلیٹی سہولیات ملتی ہیں،اس کے علاوہ چیف جسٹس کو ہاﺅس رینٹ کی مد میں 98 ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں،چیف جسٹس یو میہ 8ہزارروپے ڈے الاﺅنس ملتا ہے۔
نور عالم خان نے کہاکہ مجھے بطور چیئرمین صرف ایک لاکھ 87 ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے،پی اے سی نے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو ملنے والی مراعات پر عدم اطمینان کااظہارکیا۔
دوران بریفنگ صدر ، وزیراعظم سمیت اعلیٰ عہدیداروں کو ملنے والی بلٹ پروف گاڑیوں کی تفصیل بھی طلب کی گئی، پی اے سی کو بتایا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان کو گریڈ22 افسر کے مساوی ٹی اے ڈی اے بھی ملتا ہے۔
دستاویزکے مطابق صدر مملکت کی تنخواہ 8 لاکھ 96 ہزار550 روپے ہے،صدر مملکت کو سرکاری رہائش، آفیشل گاڑی بھی ملتی ہے،صدر مملکت کو پٹرول، بجلی گیس کی مفت سہولت میسرہے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم کی تنخواہ 2 لاکھ 15 ہزار روپے ہے،وزیراعظم کوسرکاری رہائش، بم پروف گاڑیوں کی بھی سہولت میسرہے ، اس کے علاوہ وزیراعظم کو پٹرول، بجلی اور گیس کے تمام بلوں کی مفت سہولت دستیاب ہے۔